ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / توحید پبلک اسکول شیرور میں ’ٹالینٹ ڈے ‘ کا انعقاد : دینا اسکول کے بچوں کا خاص پروگرام

توحید پبلک اسکول شیرور میں ’ٹالینٹ ڈے ‘ کا انعقاد : دینا اسکول کے بچوں کا خاص پروگرام

Mon, 30 Dec 2019 13:07:08    S.O. News Service

بھٹکل:30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)ہر ایک طالب علم اپنی مخصوص صلاحیت کا مالک ہوتاہے، بعض آگے بڑھ کر حصہ لیتے ہیں کچھ پیچھے رہ جاتے ہیں  ، ایسے طلبا جو کسی پروگرام میں حصہ نہیں لیتے ان کی فکر کرتےہوئے کسی نہ کسی طرح انہیں بھی شریک کروانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ کیونکہ دنیا بہت بڑی ہے اور کام بھی بہت زیادہ ہے اور ہمیں ہر میدان میں کام کرنا ہے۔ بھٹکل سے تشریف فرما مہمان خصوصی انجیئنر ابوبکر صدیق رکن الدین   نے ان خیالات کا اظہار کیا۔

وہ یہاں توحید پبلک اسکول شیرور میں اسکول کے طلبا میں چھپی ہوئی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے  ایک انوکھے پروگرام ’یوم صلاحیت ‘(Talent Day) میں خطا ب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا سے کہاکہ وہ صرف کمائی کے لئے نہیں بلکہ ایسی صلاحیت پیدا کریں کہ  آپ دوسروں کی روزی ، روٹی کا ذریعہ بن سکیں۔ سرپرستوں سے کہاکہ اپنے بچوں کی ہمہ جہت ترقی کی فکر کے ساتھ بچوں کو ایسی زندگی کا خوگر بنائیں کہ ہمارا رب ہم سے خوش ہو اور ہر کام آخرت کے پیش نظر کرنے کی عادت ہو۔ انہوں نے طلبا کی طرف سے پیش کئے گئے بہترین ثقافتی پروگرام پر  طلباء اساتذہ اور سرپرست کو مبارکباد دی ۔اخترا حمد خان  نے پروگرام کی صدارت کی۔

اس موقع پر ’تکبر کا انجام برا ہوتا ہے‘عنوان پر دلچسپ مکالمہ پیش کیا گیااور اس کے علاوہ مختلف نغمے ، قوالی وغیرہ کو بچوں نے میٹھی میٹھی آواز میں پیش کیا۔ ذہنی و جسمانی طورپر اپاہج بچوں کے اسکول ’دینا اسکول ‘کے طلبا نے بھی اپنا خاص پروگرام پیش کیا اور آخر میں طلبا نے کرتب بازی کے ذریعے پیرامیڈ کا مظاہرہ کیا۔

ٹالینٹ ڈے کا آغاز ازھان کی تلاوت قرآن سے ہوا، راجہ محمد فہیم نے ترجمہ پیش کیا۔ صفاثمن ، عرشیہ ، عائشہ صدیقہ گروپ نے ہدیہ نعت پیش کی۔محترمہ  سبینہ مس نے استقبال کرتےہوئے مہمانوں کا تعارف کرایا۔ محترمہ فرناس مس نے تشکریہ کلمات اداکئے۔ ڈائس پر مینجر عبد الشکور اور ادارہ کے نائب صدر عنایت اللہ میڈیکل اور استاد مولوی  ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی موجود تھے ۔


Share: